نوکری کے انٹرویو کے لیے مردوں کا لباس کیسا ہونا چاہیے | وَغَیرَہ

نوکری کے انٹرویو کے لیے مردوں کا لباس کیسا ہونا چاہیے

ہر ادارے اور کمپنی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کے ملازمین ہر لحاظ سے بہترین اور ممتاز ہوں۔ وجہ صاف ظاہر ہے کہ ایسے افراد ان کی ترقی کے ضامن ہوتے ہیں۔ دنیا بھر میں ملازمین کی بھرتیوں کے لیے جو پیمانے مقرر کیے جاتے ہیں، کم و بیش سب میں امیدواروں کے ظاہری حلیے اور تاثر کو بنیادی اہمیت دی جاتی ہے۔
اور آپ کے حلیے یا تاثر کی بنیاد ہے آپ کا لباس۔ اچھا لباس پہلی نظر ہی میں آپ کے تعلیم یافتہ، شائستہ اور مہذب ہونے پر مہر ثبت کر دیتا ہے۔ دنیا بھر میں ہونے والے جائزوں کے مطابق اچھے لباس کی وجہ سے آپ کے ملازمت حاصل کرنے کے امکانات میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔

انٹرویو کے لیے مردوں کے لباس کے اصول:
  • آپ کے کپڑے صاف ستھرے ہونے ضروری ہیں، نئے ہونے نہیں۔ بالکل نئے لباس اکثر آرام دہ نہیں ہوتے اور آپ کو مسلسل ایک اجنبیت کا احساس ہوتا رہتا ہے۔ جبکہ دو چار دفعہ استعمال کی ہوئی اشیا سے آپ کا مزاج ہم آہنگ ہو چکا ہوتا ہے اور وہی ایسے موقعوں کے لیے بہترین ہیں۔ 
  • انٹرویو کے لیے جینز، ٹی شرٹ، ٹریک سوٹ یا ہاف سلیو شرٹس وغیرہ قطعی نامناسب ہیں۔ اسی طرح جاگر یا کھلے جوتوں سے بھی حتی الامکان گریز کریں۔ 
  • بھڑکیلی یا شوخ رنگوں والی ٹائی اگر سلیقے سے استعمال نہ کی جائے تو برا تاثر چھوڑتی ہے۔ کوشش کریں کہ انٹرویو سے پہلے دو چار ٹائیاں آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر آزما لیں۔ جو بہتر لگے اسے لگا لیں۔ 
  • مناسب یا بھاری ڈیل ڈول کے حامل افراد پر چوڑی ٹائی اچھی لگتی ہے۔ مگر دبلے پتلے افراد کو چاہیے کہ وہ سلم ٹائی کو ترجیح دیں۔ 
  • آپ کی بیلٹ اور جوتوں کا رنگ یکساں یا کم از کم ملتا جلتا ہونا چاہیے۔ 
  • کلائی کی گھڑی آپ کی شخصیت کو جلا بخشتی ہے۔ لیکن سپورٹس، گیمز وغیرہ کی یا بچگانہ گھڑیوں سے اجتناب کریں۔ 
  • بہت زیادہ کھلے یا بہت تنگ سوٹ آپ کے تاثر کو خراب کرتے ہیں۔ اچھی بات یہی ہے کہ آپ کے کپڑے آپ کو فٹ ہوں۔ 
  • سامنے کی جیب خالی رکھیں۔ ایک آدھ پین یا رومال رکھنے میں البتہ کوئی مضائقہ نہیں۔ 
  • جرابوں کے لیے کوئی سنجیدہ اور مناسب رنگ اختیار کریں۔ سیاہ یا گہری نیلی جرابیں عموماً ایسے موقعوں پر بہتر خیال کی جاتی ہیں۔ 
  • آپ کی پتلون کے پائنچے آپ کے ٹخنوں سے کم از کم ایک انچ نیچے ہونے چاہییں۔ یعنی ان کے سرے آپ کے جوتوں کو چھو رہے ہوں۔ اس سے کم لمبائی کی پینٹ کم از کم انٹرویو کے لیے استعمال مت کریں۔ 
امید ہے آپ کو ہمارے مشورے پسند آئے ہوں گے۔ نوکری حاصل کر لینے کے بعد شکریہ ادا کرنا نہ بھولیے گا۔ سوالات کے لیے بھی آپ نیچے موجود آراء کا خانہ استعمال کر سکتے ہیں۔

0 تبصرے :

بول، کہ لب آزاد ہیں تیرے!

مندرجہ بالا تحریر پر آپ کوئی رائے دینا چاہتے ہیں؟ یا کوئی معصوم سوال آپ کے دل میں مچل رہا ہے؟ یا محض جلے دل کے پھپھولے پھوڑنا مطلوب و مقصودِ مومن ہے؟ بسم اللہ کیجیے۔ ہم بیٹھے کس لیے ہیں؟ گو نواز گو!

اگر آپ کے کمپیوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو ذیل کے اردو ایڈیٹر میں اپنی رائے لکھیے اور نیچے موجود آراء کے خانے میں کاپی پیسٹ کر کے شائع کر دیجیے۔ اللہ اللہ خیر صلّا!